ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سری نگر میں ’فدائین‘اور ہٹ اینڈ رن حملوں کا خدشہ ، سکیورٹی الرٹ جاری

سری نگر میں ’فدائین‘اور ہٹ اینڈ رن حملوں کا خدشہ ، سکیورٹی الرٹ جاری

Fri, 01 Jun 2018 23:50:02    S.O. News Service

سری نگر،یکم؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جموں وکشمیر پولیس نے ریاست کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیکورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سترہ رمضان (2 جون کو)غزوہ بدر کی یاد میں تقریبات کے موقع پر جنگجوؤں کی طرف سے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر فدائین اور ہٹ اینڈ رن حملے ہوسکتے ہیں۔ سیکورٹی الرٹ یکم جون سے تین جون تک جاری رہے گا۔ سیکورٹی الرٹ سے متعلق ریاستی پولیس کا ایک خفیہ پیغام سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا ہے۔

مذکورہ پیغام میں کہا گیا ہے جنگ بدر کی یاد میں 2 جون کو منائی جانے والی تقریبات کے موقع پر پہلی ، دوسری اور تیسری جون کو فدائین اور ہٹ اینڈ رن حملوں کا امکان بہت زیادہ ہے۔ بتادیں کہ جنگ بدر 17 رمضان 2 ہجری بمطابق 13 مارچ 624 ء کو پیغمبر محمد (ص) کی قیادت میں مسلمانوں اور ابوجہل کی قیادت میں مکہ کے قبیلہ قریش کے درمیان مدینہ میں بدر نامی مقام پر ہوئی۔

وادی کشمیر میں 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی مسلح شورش کے دوران اب تک غزوہ بدر کے موقع پر سیکورٹی تنصیبات اور سیکورٹی فورسز پر کئی حملے ہوچکے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنگ بدر کے موقع پر وادی میں سیکورٹی الرٹ جاری کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز جنگجوؤں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔ سوشل میڈیاپر لیک ہونے والے خفیہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ یکم جون سے اگلے تین چار روز تک سیکورٹی فورس عہدیداران اپنے متعلقہ علاقوں میں چوکسی بڑھائیں گے اور اس دوران اٹھائے جانے والے سیکورٹی اقدامات کی نگرانی کریں گے۔


Share: